حاجی علی مدد جتک سے اشرف ڈار کی قیادت میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے وفد کی ملاقات، انتخابی حکمت عملی پر غور

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما اشرف ڈار کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات، پارٹی کی انتخابی حکمتِ عملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں، عوامی رابطہ مہم، کارکنوں کی تنظیم سازی اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔ اس موقع پر عزم ظاہر کیا گیا کہ پارٹی کے چیئرمین کے وژن اور عوامی خدمت کے منشور کو گھر گھر پہنچایا جائے گا تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جو ملک بھر کی طرح آزاد جموں و کشمیر میں بھی عوام کی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون اور بھرپور سیاسی و اخلاقی حمایت فراہم کی جائے گی۔
حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پارٹی کارکن ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور آئندہ انتخابات میں کارکنوں کی محنت، عوامی حمایت اور پارٹی قیادت کی مؤثر حکمتِ عملی سے پاکستان پیپلز پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
وفد کے سربراہ اشرف ڈار نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کے وژن کو عوام تک پہنچانے اور آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام کارکن متحد ہو کر بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے مشترکہ سیاسی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











