ملک اندرونی اور بیرونی بحرانوں کی زد میں، نظام عوام سے لڑ رہا ہے: علامہ راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی، دونوں سطحوں پر بحرانوں کا شکار ہے۔ ان کے مطابق موجودہ نظام کی سیاسی، معاشی اور طاقت کے استعمال کی لڑائی عوام کے خلاف لڑی جا رہی ہے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اسی خوف کے تحت گرائی گئی، تاہم آج بانی پی ٹی آئی ان لوگوں کے گلے کی ہڈی بن چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لوگوں کو اٹھایا گیا اور خواتین کی عزت پامال کی گئی۔ ان کے بقول آخر میں خیبرپختونخوا میں ایک ہی حکومت باقی رہ گئی تھی، وہاں بھی گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
اپوزیشن لیڈر نے صوبوں میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 25 سال گزرنے کے باوجود امن قائم نہیں ہو سکا اور اب خیبرپختونخوا میں بھی بدامنی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو دوبارہ آزمائے ہوئے سیاسی لوگوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے سوال اٹھایا کہ جن لوگوں نے نظام کو کمزور کیا، کیا وہ خیبرپختونخوا میں امن قائم کر سکیں گے اور کیا یہ لوگ صوبے سے دہشت گردی اور جرائم کا خاتمہ کر پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چھین کر ان کے فیصلے کو مسترد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ نظام کی سیاسی لڑائی بھی عوام کے ساتھ ہے اور حکومت عوام کی خدمت کرنے کے بجائے ان سے لڑ رہی ہے۔
گفتگو کے اختتام پر ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ نظام سیاسی، معاشی اور سماجی طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے اور طاقت کے استعمال کی یہ لڑائی بھی عوام کے خلاف لڑی جا رہی ہے۔











