اسد قیصر نے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کی درخواست کی، عمران خان نے مسترد کر دی: بیرسٹر سیف

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے سابق مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان سے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کی درخواست کی تھی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے بعد اور علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی سے قبل ان کی اور اسد قیصر کی عمران خان سے مشترکہ ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں اسد قیصر نے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ ایک اور ملاقات میں جنید اکبر کی موجودگی میں بھی عمران خان نے عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی حمایت نہیں کی تھی۔
سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ابتدا میں عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا سپیکر بنانے کی ہدایت کی تھی، تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی کو سپیکر نامزد کر دیا گیا۔











