شنگھائی تعاون تنظیم پائیدار اقتصادی نمو میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے: اسحاق ڈار کا دوشنبے میں خطاب

دوشنبے: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار اقتصادی نمو میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت، کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کا حامی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک ایس سی او شراکت داروں کو معاشی انضمام کے مشترکہ سفر میں تیزی لانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق توانائی میں تعاون اور عالمی معلوماتی سلامتی کو ایس سی او کا اہم حصہ بننا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستانی صدارت کا وژن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم باہمی اعتماد اور تنوع کے احترام کے اصولوں پر قائم ہے، اور پاکستان خطے میں رابطوں کے فروغ کے لیے ایس سی او کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ ایس سی او کا خطہ عالمی اقتصادی ترقی کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور تنظیم نے تجارت، بنیادی ڈھانچے، ثقافت اور جدت کے شعبوں تک اپنا دائرۂ کار وسیع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت شنگھائی اسپرٹ سے ہماری وابستگی کی عکاس ہے، جبکہ توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ہدفی سرمایہ کاری معاشی انضمام کے لیے اہم ہے۔











