بیرسٹر گوہر: اچکزئی کو ہٹانے کا امکان نہیں، فضل الرحمان کو قائد حزب اختلاف بنانے پر بات نہیں ہوئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پیر کے روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کو منصب سے ہٹانے کے کسی امکان کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ان کی جگہ قائد حزب اختلاف بنانے پر بھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو محمود خان اچکزئی پر پورا اعتماد ہے۔ ان کے مطابق قائد حزب اختلاف کو قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ پارٹی کے اختیار میں نہیں بلکہ یہ عمران خان کی صوابدید ہے، اور پارٹی ان کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اسی کے مطابق آگے بڑھے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو رہنما نامزد کیا ہے اور پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ ان کی رہنمائی میں آگے چلے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جو ہدایات ملی ہیں، وہ انہی پر عمل کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی میں ہر شخص اپنی رائے دینے میں آزاد ہے، تاہم جب پارٹی کوئی فیصلہ کر لیتی ہے تو سب اسے تسلیم کرتے ہیں۔











