گورنر خیبرپختونخوا کا قلات اور گوادر میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے ضلع گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جان قربان کر کے فرض شناسی، بہادری اور حب الوطنی کی عظیم مثال قائم کی۔
انہوں نے شہید میجر وجاہت وحید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔











