آج آپ کے پاس طاقت ہے، معلوم نہیں کل رہے یا نہیں: جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ

اسلام آباد: جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ وقت بدل جائے گا، آج آپ کے پاس طاقت ہے، معلوم نہیں کل رہے گی یا نہیں۔
ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وقت گزر گیا، وہ بھی ڈیزل ڈیزل کہتے تھے۔
کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے آپ کو مولانا کی ضرورت تھی، ہمارا کیا وزن رہ جاتا اگر ہم پارلیمان میں ایک بات کرتے اور باہر دوسرا موقف اپناتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک موقف اپناتے اور انڈر دی ٹیبل حصہ لے لیتے تو پھر ہمارا وزن کیا رہ جاتا، آپ اپنا ذہن استعمال کریں کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹ۔
جے یو آئی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ اختلافات ہوتے ہیں لیکن ذات تک نہیں جانا چاہیے، جس طرح یہ ذات تک پہنچ جاتے ہیں اور گند اچھالتے ہیں، یہ ان کے ہلکے پن کی نشانی ہے۔











