محمد اورنگزیب کی بنکاک میں جے پی مورگن کے وفد سے ملاقات، کریڈٹ ریٹنگ اور مالیاتی حکمت عملی پر گفتگو

بنکاک: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر جے پی مورگن کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، کریڈٹ ریٹنگ اور مالیاتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ساختی اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ڈبل بی ریٹنگ کا ہدف
دونوں جانب سے پاکستان کو ڈبل بی کریڈٹ ریٹنگ کے درجے تک پہنچانے کے ہدف پر گفتگو ہوئی۔ جے پی مورگن نے اہم معاشی اشاریوں اور ادارہ جاتی بہتری کے حوالے سے تجزیاتی معاونت کی پیشکش کی۔
ملاقات میں سکوک، روپے میں مالیت اور ڈالر میں ادائیگی والے بانڈز، پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز کی ممکنہ ٹوکنائزیشن سمیت مالی وسائل کے مختلف ذرائع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قرضوں کے مہنگے ذرائع کی جگہ بہتر مالیاتی ذرائع اختیار کرنے اور ادائیگی کی مدت بڑھانے کو ترجیح دینے پر بھی بات ہوئی۔
وزیر خزانہ نے عالمی شرح سود سے وابستہ خطرات کے تناظر میں مناسب وقت پر مالیاتی لین دین، سرمایہ کاروں سے روابط اور نجی پلیسمنٹ کے لیے انڈر رائٹنگ معاونت کے حوالے سے جے پی مورگن کے مشوروں کو سراہا۔
دونوں جانب سے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کی ضمانت سے مالی معاونت، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی معاونت سے متنوع ادائیگی حقوق پر مبنی مالیاتی لین دین، روپے میں مالی معاونت اور قرضوں کی ممکنہ تبدیلی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ ترسیلات زر کے مستحکم بہاؤ، علاقائی خطرات، قرضوں کے تبادلے، کریڈٹ معاونت اور ضمانت شدہ مالیاتی انتظامات پر بھی گفتگو ہوئی۔











