وزیراعظم شہباز شریف سے نئے سعودی سفیر کی ملاقات، سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کی اور دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا، نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
حوثی حملوں کی مذمت
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی۔ ان کے مطابق حملوں میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔











