ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران پروفیسر برکت اسماعیل کا گرلز انٹر کالج سربندن کا دورہ

سربندن: ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران پروفیسر برکت اسماعیل نے گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سربندن کا دورہ کیا اور کالج کے تدریسی و انتظامی امور، اساتذہ و طالبات کی حاضری، تعلیمی سرگرمیوں، کلاس رومز اور طالبات کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعلیمی ماحول اور تدریسی عمل سے متعلق معلومات حاصل کیں اور اساتذہ و طالبات سے ملاقات کر کے ان کے مسائل، تجاویز اور تعلیمی ضروریات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
پروفیسر برکت اسماعیل نے اساتذہ کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی، باقاعدہ حاضری اور سازگار تعلیمی ماحول یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تدریسی معیار میں مزید بہتری، تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا۔
کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے انہیں کالج کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی سرگرمیوں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ پروفیسر برکت اسماعیل نے یقین دلایا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری اور طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











