میر ظہور بلیدی سے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ بلال خان کاکڑ کی ملاقات، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو

کوئٹہ: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی سے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ بلال خان کاکڑ نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات، دستیاب وسائل کو معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانے اور ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت پر بھی بات ہوئی، جبکہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید مؤثر اور آسان بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، وسائل کا بہتر استعمال اور سرمایہ کاری کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ صوبے کے قدرتی و معاشی وسائل کو ترقی کے عمل سے منسلک کر کے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دی جا سکتی ہے۔
بلال خان کاکڑ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں صوبے کے ترقیاتی و معاشی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











