گورنر جعفر خان مندوخیل سے پی جے اے بلوچستان کے وفد کی ملاقات، تنظیم کے 12ویں یوم تاسیس پر کیک کاٹا

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت ایک دوسرے کے معاون شعبے ہیں، جبکہ ایک مضبوط اور ذمہ دار میڈیا معاشرے میں شہریوں کو ان کے حقوق و فرائض کا احساس دلانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ میڈیا پرسنز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کئی دہائیوں سے صحافی برادری کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔
گورنر بلوچستان نے یہ بات پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) بلوچستان کے صدر محمد حنیف جمالی کی قیادت میں پی جے اے کے عہدیداران پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں محمد شاہد مگسی، ہما بلوچ، سمیرہ راجپوت، مہوش، فردوس، فریا بتول، مس نورین، مس دنیا، جہانزیب، اکرم، ارون کمار، محمد شہزاد، فیروز جمالی اور محمد ظفر جمالی بھی شامل تھے۔
گورنر نے کہا کہ میڈیا ریاست کا ایک نہایت اہم ستون ہے اور پروفیشنل صحافی اپنے پیشہ ورانہ معیار اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کافی محنت اور جدوجہد کرتے ہیں۔ ایک ذمہ دار اور آزاد صحافت معاشرے میں عوامی مسائل اجاگر کرنے، اداروں کو جوابدہ بنانے اور عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ انہوں نے روزِ اول سے گورنر ہاؤس کے دروازے میڈیا پرسنز سمیت تمام عوام کے لیے کھلے رکھے ہیں، صحافیوں کے مسائل اور پیشہ ورانہ ضروریات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے بارہویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











