لورالائی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ژوب روڈ پر کارروائی، بغیر لیبل فارمولا دودھ اور زائد المیعاد مصالحے برآمد

لورالائی: وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر شیر خوار بچوں کے لیے بغیر لیبل اور ناقابلِ سراغ فارمولا دودھ کی فروخت کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی لورالائی زون فوڈ سیفٹی ٹیم نے ژوب روڈ پر مختلف خوراک کے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 جنرل اسٹورز اور ایک بیکری کو جرمانے کیے گئے جبکہ 6 خوراکی یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ جنرل اسٹورز سے بغیر لیبل اور ناقابلِ سراغ فارمولا دودھ، زائدالمیعاد مصالحے اور نان فوڈ گریڈ رنگ برآمد ہوئے، جبکہ مختلف مراکز میں ناقص اسٹوریج اور صفائی کے مسائل بھی سامنے آئے۔
بیکری کے خلاف کارروائی تیار اشیا کی پیکنگ میں پرنٹ شدہ کاغذ کے استعمال، مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونے، ناقص ذاتی و ماحولیاتی صفائی اور تیار خوراک کو مکھیوں اور دیگر آلودگی سے محفوظ نہ رکھنے پر کی گئی۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے کاروباری مراکز کے مالکان کو فوڈ سیفٹی، لیبلنگ، ٹریس ایبلٹی، اسٹوریج اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر ہر صورت عملدرآمد کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











