بختیار آباد میں اسسٹنٹ کمشنر میر بہادر خان بنگلزئی کی کھلی کچہری، پانی، بجلی اور صحت کے مسائل پیش

بختیار آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی ہدایات کی روشنی میں بختیار آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی نے کی۔ کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او محمد آصف خجک، چیئرمین یونین کونسل میر محمد اکبر سولنگی سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے صاف پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی کے نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اسکولوں میں اساتذہ کی عدم حاضری سمیت دیگر عوامی مسائل اور مشکلات انتظامیہ کے سامنے پیش کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں کی شکایات تفصیل سے سنیں، متعلقہ محکموں کے افسران سے معلومات حاصل کیں اور بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانا ہے، اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کے پیش کردہ مسائل ضروری کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے۔
میر بہادر خان بنگلزئی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کی گئی عوامی شکایات پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے اور مسائل کے حل سے متعلق رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو پیش کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











