گورنر جعفر خان مندوخیل: کیڈٹ کالجز کی تعداد نہیں، معیار بڑھائیں گے؛ 19ویں بورڈ آف گورنرز اجلاس کی صدارت

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں کیڈٹ کالجز کی تعداد بڑھانے کے بجائے موجودہ کیڈٹ کالجز کے معیار اور کارکردگی کو ملک کے بہترین کیڈٹ کالجز کے معیار کے مطابق لانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ بلوچستان کے کیڈٹ کالجز کے بورڈ آف گورنرز کے 19ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
گورنر نے کہا کہ مزید طلبہ کے لیے گنجائش پیدا کرنے اور ان پر تعلیمی فیس کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے ہماری ترجیح موجودہ کیڈٹ کالجز کے اساتذہ اور زیرِ تعلیم کیڈٹس کو بہتر سہولیات، معیاری تعلیم اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، اور کیڈٹ کالجز کی تمام انتظامی، تدریسی اور بنیادی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی (آن لائن)، وزیر اعلیٰ کی مشیر ربابہ بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی دستگیر بادینی، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، ایڈیشنل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی رحمت چنگیزی، تمام کیڈٹ کالجز کے پرنسپل صاحبان، فنانس اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں سمیت آفتاب بزدار بھی موجود تھے۔
بارہ کیڈٹ کالجز پر بریفنگ
اجلاس میں بلوچستان کے بارہ کیڈٹ کالجز سے متعلق بریفنگ دی گئی، اور کیڈٹ کالجز کی کارکردگی، درپیش مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم کیڈٹ کالجز کے اساتذہ اور اسٹاف کو ملک کے بہترین کیڈٹ کالجز کے معیار کے مطابق بہترین سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ پوری دلجمعی اور یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ملک کے ممتاز کیڈٹ کالجز کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے جن میں جِمز اور کھیلوں کے لیے معیاری گراؤنڈز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کانووکیشن ہالز تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ اور اسٹاف کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ اور فول پروف سکیورٹی کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔
گورنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ کیڈٹ کالج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کیڈٹ کالج جس مقصد کے تحت بنایا جاتا ہے، اسی ہدف کو پورا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل متحرک کیے جا رہے ہیں تاکہ کیڈٹ کالج کا اپنا امتیاز برقرار رہے۔
گورنر مندوخیل نے بنیادی ڈھانچے کی توسیع، اور خاص طور پر کیڈٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر مزید کلاس رومز، ہاسٹل کے قیام، اسپورٹس کمپلیکس، سیکیورٹی کے انتظامات اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی میں معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بورڈ آف گورنرز کی پیش رفت کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ تمام کیڈٹ کالجز کی دیرپا ترقی مستقل بنیادوں پر جاری رہے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











