گوادر: کلاتو کے زمینداروں کا وفد ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سے ملا، کھاد، ٹریکٹر آورز اور سولر سسٹم کا مطالبہ

گوادر: ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مقبول احمد بلوچ نے کہا ہے کہ زمینداروں کو جدید زرعی طریقوں، ضروری سہولیات اور رہنمائی کی فراہمی محکمہ زراعت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور حکومت بلوچستان کی کسان دوست پالیسی کے تحت ضلع گوادر میں زرعی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی زمینداروں کی معاونت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی گوادر کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ خداداد کی سربراہی میں وفد نے ضلع گوادر بالخصوص کلاتو کے زمینداروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور کھاد، زرعی ادویات، ٹریکٹر آورز، سولر سسٹم، بور اور آبپاشی نالیوں سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی درخواست کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ زمینداروں کی تجاویز اور مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور دستیاب وسائل کے مطابق ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ ضلع میں زرعی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











