گوادر نیو ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کی روزانہ سماعت، ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی نگرانی میں ریکارڈ کا جائزہ

گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے نیو ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کی شکایات اور مسائل کے ازالے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ نگرانی متنازعہ پلاٹوں سے متعلق دونوں فریقین کو طلب کر کے آمنے سامنے ان کا مؤقف سنا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام دعوؤں اور حقائق کو غیر جانب دارانہ انداز میں جانچا جا سکے۔
سماعت کے دوران تمام متعلقہ فریقین کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملات کو شفاف، منصفانہ، عملی اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حقیقی متاثرین کو ریلیف کی فراہمی اور جائز حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ کسی بھی معاملے کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ، حقائق اور قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











