کوئٹہ میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں: کم وزن روٹی اور نرخنامے کی خلاف ورزی پر 24 افراد جیل منتقل

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کارروائیوں کے دوران کم وزن روٹی فروخت کرنے والے تندوروں، قصابوں اور ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا، اور مقررہ نرخوں اور وزن کی خلاف ورزی پر 24 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے سیٹلائٹ ٹاؤن، بھوسہ منڈی، غوث آباد، کاسی روڈ، سرکی روڈ، طوغی روڈ اور دیگر علاقوں میں مختلف دکانوں اور کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے واضح کیا کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے گرانفروشی، کم وزن اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











