کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کی مصنوعی ذہانت ورکشاپ کا آغاز
کوئٹہ: 24 نومبر کو بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کے لیے پارلیمانی امور میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا۔ سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔
یہ ورکشاپ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور پارلیمانی امور کی انجام دہی میں جدت لانے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (PIPS) کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہی ہے، جس کا آغاز اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام میں گریڈ 17 اور 18 کے ایسے افسران کو شامل کیا گیا ہے جو اپنی ملازمت کے MID دور میں ہیں اور مستقبل میں اسمبلی سیکرٹریٹ کی انتظامی و پارلیمانی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج تربیت حاصل کرنے والے افسران کل نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جدید خطوط پر انجام دیں گے بلکہ مستقبل میں ماسٹر ٹرینرز کی حیثیت سے دیگر افسران کی رہنمائی بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے ضروری ہے کہ افسران جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل نظام اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے استعمال سے بھرپور استفادہ کریں۔
ورکشاپ کے موضوعات
چار روزہ ورکشاپ کے دوران پارلیمانی و سیکرٹریٹ امور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، ای آفس (EOffice)، ای پارلیمنٹ (EParliament)، ای فائلنگ (EFiling)، پارلیمانی سوالات کی تیاری و مسودہ سازی، تحریک التواء، توجہ دلاؤ نوٹسز، قراردادوں کی تیاری اور قائمہ کمیٹیوں کے امور سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ قانون سازی کے مختلف مراحل اور پارلیمانی کارروائی میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ورکشاپ میں پہلے روز ڈائریکٹر پی ڈی پی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز، تاج محمد اور ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی، PIPS محمد نذیر خان سمیت بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے بطور تربیت حاصل کرنے والے شرکاء شرکت کی۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید تربیتی پروگراموں کے ذریعے اسمبلی سیکرٹریٹ کی ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ، دفتری امور میں شفافیت، تیز رفتار کارروائی اور پارلیمانی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔











