ڈپٹی کمشنر قلات عائشہ زہری کا ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، ڈاکٹروں کی حاضریاں چیک کیں

قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے ٹیچنگ ہسپتال قلات کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے دستیاب طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔
قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر محمد یعقوب زہری اور ڈاکٹر گنشام داس نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کا دورہ کرایا اور طبی سہولیات، انتظامی امور اور مسائل پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی و غیر طبی عملے کی حاضریاں چیک کیں اور ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، آئی ٹی سیکشن اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
عائشہ زہری نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی حاضریاں یقینی بناتے ہوئے مریضوں کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کریں، اپنے مقدس پیشے سے مخلص رہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور مریضوں و لواحقین کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











