چمن: ڈی ای او کا محمود آباد بوائز ہائی اسکول کا اچانک دورہ، دو اساتذہ غیر حاضر پائے گئے

چمن: 23 نومبر کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کی نگرانی کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول محمود آباد کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر ہیڈ ماسٹر اسداللہ نے ڈی ای او چمن کو اسکول کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کروایا۔ اس موقع پر ڈی ای او نے اساتذہ کی حاضری کا ریکارڈ اور رجسٹر چیک کیا، جہاں دو اساتذہ بلاجواز غیر حاضر پائے گئے۔ جس پر دونوں اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن کے اندر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
شوکاز نوٹس اور انکوائری
دورے کے دوران اسکول میں جاری تدریسی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں تدریسی عمل غیر تسلی بخش پایا گیا۔ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ای او چمن نے مزید انکوائری کے لیے ڈی او ای (میل) نادر شاہ کو ذمہ داری سونپ دی، جنہیں ایک ہفتے کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نظم و ضبط پر سمجھوتہ نہیں
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، اساتذہ کی بروقت حاضری، مؤثر تدریسی عمل اور تعلیمی معیار کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں، کیونکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلبہ کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور فرائض میں غفلت، غیر حاضری اور ناقص کارکردگی کا محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹس لیا جائے گا۔











