چمن میں اسپیکر عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایات

چمن: عوامی مسائل کے براہِ راست ازالے، گورننس میں بہتری اور ترقیاتی امور کے جائزے کے لیے ڈی سی کمپلیکس اسمبلی ہال چمن میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس کی صدارت اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے مشترکہ طور پر کی۔
کھلی کچہری میں ضلع چمن کے قبائلی عمائدین، علمائے کرام، قومی مشران، معززینِ علاقہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے نادرا، بجلی اور بے روزگاری کے مسائل کے ساتھ ساتھ گلیوں، نالیوں اور سڑکوں کی باقاعدہ صفائی، گندے اور کھڑے پانی کی بروقت نکاسی، کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور خصوصاً ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات کے اطراف صفائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اور دیگر عوامی، انتظامی، ترقیاتی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست پیش کیں۔
اسپیکر اور ڈپٹی کمشنر نے شرکا کی شکایات توجہ اور تحمل سے سنیں اور موقع پر موجود محکموں کے افسران کو متعدد امور کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام شہریوں کو ہر ممکن ریلیف یقینی بنائیں۔
کھلی کچہری میں BSDI اسکیم سمیت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات، شہری مسائل اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور محکموں کے افسران نے اپنے شعبوں میں جاری اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے سے مسائل کا حل مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے مسائل اور درخواستوں پر فوری اور ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے اور انہیں مقررہ مدت میں نمٹایا جائے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، چمن اسکاؤٹس اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











