پاک افغان بارڈر ٹریڈ بحال کی جائے، تجارت اور سیاست الگ رکھی جائے: افغان کونسل جنرل

کوئٹہ: افغان کونسل جنرل برائے کمرشل عبدالعنان ہمت نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر ٹریڈ کا شروع ہونا وقت اور حالات کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سنگین صورتحال کو ختم کر کے دونوں ممالک کے درمیان مزید روابط بڑھاتے ہوئے بارڈر کی بندش ختم کرنا اور تجارت بحال کرنا ہوگا، تاکہ تجارت اور سیاست کو الگ رکھا جا سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے دورے کے موقع پر نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیمبر کے صدر نوید یوسف، پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید رحیم پراچہ، پاک ایران چیمبر کے نائب صدر عطاء اللہ مینگل، نعیم الرحمن نورزئی، مقبول الٰہی بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
عبدالعنان ہمت نے امید ظاہر کی کہ منتخب عہدیدار تاجروں اور بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں اور بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے حائل رکاوٹوں اور مشکلات کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے زمیندار اور تاجروں سمیت بزنس کمیونٹی بارڈر کی بندش سے پریشان اور مشکلات سے دوچار ہے۔ بارڈر ٹریڈ شروع ہونے سے دونوں ممالک کے تاجروں اور بزنس کمیونٹی کو کاروباری سہولیات اور عوام کو فائدہ ہوگا۔
کونسل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ہمارے اپنے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ روابط بڑھیں اور تجارت بحال ہو۔ ان کے مطابق یہ تجارتی سرگرمیاں وقت اور حالات کے لیے ناگزیر ہیں، اس لیے تجارت اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیاں اور بارڈر ٹریڈ متاثر نہ ہوں۔











