آئی ایم ایف کا ایف بی آر سے 15 ہزار 264 ارب ہدف پورا کرنے کا مطالبہ، شارٹ فال کی گنجائش نہیں

بنکاک (اعتماد ڈیسک): وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے دوران آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معیشت، جاری اصلاحات اور طے شدہ اہداف پر پیش رفت زیر بحث آئی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو معیشت کی موجودہ حالت اور اہداف تک پہنچنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ جواب میں آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کی رفتار قائم رکھنے کے لیے پاکستان کو قرض پروگرام کی شرائط پر پوری طرح عمل کرنا، بجٹ میں رکھے گئے ٹیکس اہداف پورے کرنا اور اصلاحات کو جاری رکھنا ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے زرمبادلہ کے ذخائر مناسب سطح پر رکھنے اور ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کا بھی کہا ہے۔ ادارے کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ رواں مالی سال ایف بی آر کو 15 ہزار 264 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے اور وصولیوں میں کمی کی کوئی گنجائش نہیں دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو یقین دلایا کہ حکومت مقررہ اہداف، ٹیکس آمدن میں اضافے اور پروگرام کی شرائط پر عمل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔











