وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی میں قبائلی عمائدین سے ملے، عوامی مسائل پر موقع پر احکامات

ڈیرہ بگٹی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی پہنچے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی، روایتی بلوچی انداز میں حال احوال کیا اور علاقائی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل دریافت کیے۔
وزیر اعلیٰ نے عوام میں گھل مل کر مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور متعدد عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسران اور سرکاری اہلکار عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا مقامی سطح پر فوری حل انہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے کی مشکلات سے بچا سکتا ہے۔ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں گورننس کے نظام کو بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا مؤثر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر ہوں اور انہیں معمولی مسائل کے لیے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔
بند اسکول فعال، شہداء کو خراجِ عقیدت
تعلیم کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بند پڑے سینکڑوں اسکول کھول کر عملی طور پر فعال کیے گئے ہیں۔ تعلیم ہی ملک، قوم اور خاندانوں کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
امن و امان پر گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے میں امن کی ضامن ہیں۔ دہشت گرد نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر انسانیت سے عاری ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشنِ آزادی کی خوشیوں میں ہم اپنے عظیم شہداء کو نہیں بھولے۔ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے اور شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر دور افتادہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز موجودہ حکومت کا اہم اعزاز ہے۔ عمائدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی حکومتی اقدامات کے ثمرات نمایاں ہیں، اور انہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کرنے کو بھی سراہا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











