نصیر آباد: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، بی ایس ڈی آئی منصوبوں اور یوم آزادی تقریبات کا جائزہ

نصیر آباد: ڈپٹی کمشنر نصیر آباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے متعلقہ تعلیمی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں بی ایس ڈی آئی (BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
یوم آزادی کی تقریبات
اجلاس میں 14 اگست یومِ آزادی پاکستان کو شایانِ شان طریقے سے منانے پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تقریبات، ملی نغموں، تقاریر، مختلف مقابلوں اور پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ ملے، جبکہ مرکزی اور سب سے بڑی تقریب ضلعی صدر مقام پر منعقد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی ادارے یومِ آزادی کی تقریبات کو منظم، بھرپور اور قومی جذبے کے ساتھ منعقد کریں اور اس ضمن میں مکمل تیاری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے نئی نسل میں قومی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے اس موقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











