گورنر راج یا ایمرجنسی مسئلے کا حل نہیں، بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہیں: بیرسٹر گوہر

چارسدہ (اعتماد ڈیسک): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا مسئلے کا حل نہیں اور پارٹی اب بھی حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنے کی بہت کوشش کی اور توقع ہے کہ مولانا اچھا کردار ادا کریں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی ریاست کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کبھی دہشت گردوں کی حمایت میں بیان نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی گاڑیاں کچے میں پھنسی ہوئی ہیں، اس لیے فریقین انا ختم کر کے بیٹھیں اور بات چیت سے راستہ نکالیں۔











