ملیحہ علی آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کی ملیحہ علی نے آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ اس عالمی مقابلے کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
ملیحہ علی نے سیمی فائنل مرحلے میں میکسیکو کی اینڈریا گیبریلا گزمین کو شکست دی، جو پین امریکن چیمپئن ہیں۔ میکسیکو کی اس نامور اور ماہر فائٹر کے خلاف کامیابی کو ملیحہ کے سفر کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے ملیحہ نے روس کی معروف یورپی چیمپئن کو بھی ہرایا تھا۔ یوں فائنل تک پہنچنے کے اس سفر میں انہوں نے دنیا کی دو مضبوط ترین حریفوں کو شکست دی، جس سے ان کی صلاحیت اور مسلسل محنت کا اندازہ ہوتا ہے۔
کامیابی کے بعد ملیحہ علی نے ایکٹیویٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان آفتاب احمد کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق ایکٹیویٹ عالمی چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔
ملیحہ علی کی اس کامیابی کو پاکستان کے لیے اعزاز سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے پہلے کوئی پاکستانی خاتون اس عالمی چیمپئن شپ کے فائنل تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ اب سب کی نظریں فائنل مقابلے پر ہیں۔











