قومی اسمبلی: وزرا کی عدم موجودگی پر اعتراض، کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزرا کی عدم موجودگی پر ارکان نے شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے حکومتی سنجیدگی پر سوالات کھڑے کر دیے۔ پی ٹی آئی کے رکن ملک عامر ڈوگر کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے بعد گنتی کرائی گئی تو کورم پورا نہ نکلا، جس پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کر دی۔
ڈپٹی اسپیکر کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا تو رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے وزرا کی عدم موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا پیسہ کیوں ضائع کیا جائے، کوئی وزیر اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا، اور عوام ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ ایوان میں کیا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ آہستہ آہستہ ان کا ضمیر جاگ رہا ہے اور انہوں نے ہماری ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایوان میں نہ وفاقی وزیر موجود ہیں اور نہ وزیر مملکت، ایسے ایوان نہیں چل سکتا، لہٰذا وہ کورم کی نشاندہی کرتے ہیں۔
کورم کی نشاندہی کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ بعد ازاں گنتی کرانے پر کورم پورا نہ ہونے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کر دی گئی۔











