صادق عمرانی نے محکمہ آبپاشی کے ترقی پانے والے ملازمین میں آرڈرز تقسیم کیے

کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت کی بے روزگاری کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدہ کوششوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔
وہ بدھ کو سول سیکرٹریٹ کے سکندر جمالی آڈیٹوریم میں ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے ترقی پانے والے ملازمین کو آرڈرز دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں محکمہ آبپاشی کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ کلرک یونین کے عہدیداران اور دیگر لوگ کثیر تعداد میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت بے روزگاری کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت کی ذمہ داری ملنے پر انہوں نے لواحقین کوٹے کے تحت التوا کا شکار کیسز پر کام شروع کروایا اور اسی جگہ ایک تقریب میں 117 بیوہ اور یتیم لواحقین کو تعیناتی کے آرڈرز فراہم کیے۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ کسی ضرورت مند حقدار کو نوکری یا ترقی کے آرڈرز دینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس سے ملنے والی خوشی بیان نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ایمانداری سے فرائض انجام دے کر محکمے اور صوبے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
تقریب سے محکمے کے افسران نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں سے محکمہ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں حقدار ملازمین کو ترقی کے آرڈرز ملنے سے پورے محکمے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











