سیوی میں پی پی ایچ آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس، بی ایچ یو انچارجز کو حاضری اور رپورٹنگ پر سختی سے عمل کی ہدایت

سیوی: اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی کی زیرِ صدارت پی پی ایچ آئی ڈسٹرکٹ آفس سیوی میں ماہانہ جائزہ اجلاس (MRM) منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) کی کارکردگی، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور رپورٹنگ کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالقادر ہارون، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان بشیر، ایم اینڈ ای آفیسر لالہ صمد خان عثمانی، اے کیو یو ارسلان لاشاری، ایم اینڈ ای آفیسر ای پی آئی محمد شعیب، ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر حاجی خان اور تمام بی ایچ یو انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس میں مراکزِ صحت میں عملے کی حاضری، DHIS-2 رپورٹنگ، قبل از پیدائش اور بعد از پیدائش نگہداشت، ریکارڈ کی بروقت تکمیل و درستگی، ملیریا اسکریننگ کے لیے RDTs کے مؤثر استعمال اور خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان نے ہدایت کی کہ تمام بی ایچ یو انچارجز حاضری اور رپورٹنگ کے نظام پر سختی سے عمل کریں، ریکارڈ مکمل اور تازہ رکھیں اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی نہ برتیں۔
اجلاس میں رپورٹنگ کی خامیوں کی نشاندہی اور ان کے ازالے کے لیے اصلاحی اقدامات پر بھی غور کیا گیا، اور شرکاء نے صحت کے شعبے میں کارکردگی کے اشاریوں (KPIs) کو بہتر بنانے اور ضلع سیوی میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کا نظام مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











