سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹر قتل کیس میں 10 سال قید

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹر کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سب انسپکٹر عطا اللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا 4 ستمبر 2020 کا بریت سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا گیا۔
ہائیکورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا۔ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور انہیں فوری گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔











