ریاض میں آرامکو عمارت کو نقصان، حوثیوں کا حملے کا دعویٰ، قطر کی مذمت

ریاض: سعودی دارالحکومت میں اتوار کی صبح متعدد زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یمن کے حوثیوں نے بیلسٹک و کروز میزائلوں اور ڈرونز سے ریاض اور مشرقی سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جبکہ قطر نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔
سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق ریاض میں آرامکو کے دفتر کی عمارت پر میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے معمولی نقصان پہنچا۔ کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ روئٹرز کے ایک عینی شاہد کے مطابق مالیاتی مرکز میں واقع آرامکو ٹاور کی کئی منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جس کی دو دیگر عینی شاہدین نے بھی تصدیق کی۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے ابتدا میں تین بیلسٹک اور ایک کروز میزائل تباہ کیے، بعد میں ریاض اور جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے مزید دو کروز میزائل بھی ناکام بنائے گئے۔ مشرقی صوبے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی فضا میں تباہ کیا گیا۔
حوثیوں کے بیان میں کہا گیا کہ چار خصوصی فوجی کارروائیوں میں ریاض کے مالیاتی مرکز اور ہوائی اڈے، آرامکو کے تیل کے ذخائر اور مشرقی شہر ابقیق کو ہدف بنایا گیا۔ گروہ نے دعویٰ کیا کہ آرامکو کی ملکیت ایک بلند عمارت کو نقصان پہنچا۔
قطری وزارتِ خارجہ نے حملوں کو ’جارحانہ اقدام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر شہریوں اور شہری اہداف پر کسی بھی حملے کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور ان کارروائیوں کو فوری روکنے پر زور دیتا ہے۔
حملوں سے قبل شہری دفاع نے ریاض میں ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا۔ بعد ازاں دمام، ظہران، ابقیق، حوفوف اور الاحساء کے لیے جاری انتباہ واپس لے لیا گیا۔











