ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی پر وزیراعظم اور مریم نواز کی مبارک باد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت، ترقی اور خوش حالی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اسد حنیف کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام کا اعتماد پارٹی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کے مطابق عوام نے ترقی، خوش حالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر اعتماد ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پارٹی قیادت، کارکنوں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد پر متعلقہ اداروں اور الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے این اے-77 گجرانوالہ سے پارٹی امیدوار راشد بشیر وڑائچ اور پی پی-203 چیچہ وطنی سے اسد حنیف کو مبارک باد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ دونوں امیدواروں کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔ ان کے بقول گجرانوالہ اور چیچہ وطنی کے عوام نے پارٹی کے حق میں فیصلہ دے کر خدمت کی سیاست کو سراہا ہے۔











