پی پی 203 چیچہ وطنی: ن لیگ کے اسد حنیف کامیاب، این اے 77 میں راشد بشیر ورک آگے

چیچہ وطنی: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف کامیاب ہو گئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی پر ضمنی انتخاب ہوا، جہاں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی 203 چیچہ وطنی میں مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 25 ہزار 27 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ن لیگی امیدوار کی کامیابی کے بعد ان کے ڈیرے پر حامیوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
این اے 77 میں گنتی جاری
دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ 1 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ 333 پولنگ اسٹیشنز میں سے 120 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک 20 ہزار 153 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 16 ہزار 478 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 77 کی نشست ن لیگی ایم این اے محمود بشیر ورک کے انتقال پر، جبکہ پی پی 203 چیچہ وطنی کی نشست ن لیگ کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 77 کے ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کے راشد بشیر ورک، مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی ابراہیم گجر اور آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ نمایاں ہیں۔ اس حلقے میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا، جبکہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔











