تربت: زاہد سلیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کا ٹیچنگ اسپتال کا معائنہ

تربت: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی بلوچستان زاہد سلیم کی سربراہی میں صوبائی سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک بلوچ اور سیکریٹری زراعت داؤد خان خلجی پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت کا دورہ کیا۔

وفد نے ٹیچنگ اسپتال تربت کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر مکران ڈویڑن ڈاکٹر طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محب اللہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ڈی ایچ او تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب اور دیگر متعلقہ ڈاکٹرز بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
ٹیچنگ اسپتال کا معائنہ
دورے کے دوران زاہد سلیم نے سیکریٹری صحت، اسپیشل سیکریٹری صحت، سیکریٹری زراعت اور دیگر حکام کے ہمراہ اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور طبی یونٹس کا معائنہ کیا۔
انہوں نے دستیاب طبی سہولیات، مشینری، علاج معالجے کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا بھی جائزہ لیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے وفد کو اسپتال کی مجموعی کارکردگی، طبی و انتظامی امور، دستیاب وسائل، درپیش مسائل اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی ضروریات، طبی مشینری اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور صوبائی سیکریٹریز نے اسپتال کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے درپیش مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ایمرجنسی، تھیلیسیمیا اور ترقیاتی منصوبے
حکام نے بتایا کہ ٹیچنگ اسپتال تربت کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو وسعت دینے کے لیے پی سی ون (PCI) تیار کرکے منصوبے کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) میں شامل کیا جائے گا۔
آپریشن تھیٹر کے لیے ضروری جدید مشینری اور دیگر طبی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ اسپتال کی علاج معالجے کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔
وفد نے مزید بتایا کہ اسپتال میں بلڈ ڈونیشن اور تھیلیسیمیا کیئر کے شعبوں کو فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جس سے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو ایک ہی چھت تلے علاج، نگہداشت اور ضروری ٹیسٹنگ کی سہولیات میسر آسکیں گی۔
حکام نے بتایا کہ صوبائی حکومت کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کو بھی مالی معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ اس مرض میں مبتلا بچوں کو علاج کی سہولیات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے ٹراما سینٹر کی زیر تعمیر عمارت کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
وفد کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں شعبہ صحت کی بہتری، طبی اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا اور بالخصوص دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کے لیے درپیش مشکلات میں کمی لانا ہے۔











