بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن 2026 کی اختتامی تقریب، بلال خان کاکڑ: نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں مثبت اور تعمیری انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے صوبے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں اور مستقبل کی باگ ڈور انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔
وہ بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) 2026 کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر، چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ قائم لاشاری سمیت دیگر معززین، منتظمین اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوجوانوں کے حوالے سے واضح وژن رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم، مہارت اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور عملی تجربات سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں، اور بی ایم یو این جیسے پروگرام نوجوانوں کو اپنی قائدانہ، تحقیقی اور ابلاغی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیتے ہیں۔
سیکرٹری تعلیم: مکالمہ نوجوانوں کی فکری نشوونما کے لیے اہم
تین روزہ کانفرنس کے دوران طلباء و طالبات نے مختلف سیشنز، ڈیبیٹس، مذاکرات اور مکالموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا کہ موجودہ دور میں طلباء و طالبات کے درمیان مذاکرات اور مکالمے کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور بلوچستان میں بھی ایسی سرگرمیوں کی ضرورت ہے، کیونکہ خیالات اور آئیڈیاز کا تبادلہ نوجوانوں کی فکری اور علمی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایم یو این کے شرکاء نے شاندار مظاہرہ کر کے ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بی ایم یو این نے تعلیم، مکالمے اور مذاکرات کو نوجوانوں کے لیے اپنی بات مؤثر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ بنایا، جو ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔
کانفرنس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی امور، پالیسی سازی، مذاکرات اور فیصلہ سازی کے عمل سے روشناس کراتے ہوئے ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں اسناد اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے منتظمین کو کامیاب کانفرنس پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے تعلیمی اور فکری پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل کی قیادت کے لیے مزید مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











