بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کی سالٹ فورٹیفیکیشن ٹریننگ، فوڈ سیفٹی افسران اور نمک پراسیسرز شریک

کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے مشترکہ تعاون سے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی افسران (FSOs) اور سالٹ پروسیسرز کے لیے سالٹ فورٹیفیکیشن پروگرام کے موضوع پر ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی پروگرام کا مقصد آیوڈائزڈ نمک کی معیاری پیداوار، مؤثر مانیٹرنگ، کوالٹی کنٹرول، پالیسیوں اور رہنما اصولوں پر مؤثر عملدرآمد اور متعلقہ افسران و صنعتکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔
آیوڈین کی کمی اور معیاری نمک
زونل منیجر ڈاکٹر محمود خان نے شرکاء کو انسانی صحت میں آیوڈین کی اہمیت، اس کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں، غیر آیوڈائزڈ نمک کے نقصانات اور معیاری آیوڈائزڈ نمک کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سالٹ فورٹیفیکیشن کے جدید تقاضوں، پوٹاشیم آئیوڈیٹ کے درست استعمال، آیوڈین کی مطلوبہ مقدار برقرار رکھنے، پیداواری مراحل، پیکنگ، ذخیرہ، کوالٹی کنٹرول اور ریپڈ ٹیسٹنگ کٹ (RTK) کے مؤثر استعمال پر بھی تفصیلی عملی رہنمائی فراہم کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل بلوچستان فوڈ اتھارٹی انور کاکڑ، ڈپٹی پروونشل کوآرڈینیٹر فیملی پلاننگ ڈاکٹر کامران الٰہی، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ ڈاکٹر اویس ترین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایمل مندوخیل اور پروونشل پروگرام منیجر سید خلیل آغا نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے غذائی کمیوں کے خاتمے، آیوڈین کی کمی سے بچاؤ، معیاری آیوڈائزڈ نمک کی دستیابی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون، نگرانی اور استعدادِ کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
تربیتی پروگرام میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی افسران، سالٹ پروسیسرز اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ معیاری آیوڈائزڈ نمک کی پیداوار، مؤثر نگرانی اور عوام میں اس کے استعمال کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دیں گے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اسناد کی تقسیم
پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے سالٹ فورٹیفیکیشن پروگرام کے تحت نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غذائی قلت اور آیوڈین کی کمی جیسے صحتِ عامہ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ایسے تربیتی پروگرام نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن انٹرنیشنل اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے صوبے بھر میں معیاری آیوڈائزڈ نمک کی پیداوار، مؤثر نگرانی اور عوام تک محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











