کوئٹہ: سیکرٹری لائیوسٹاک صالح محمد بلوچ کا اینٹی مائیکروبیل مزاحمت پر آگاہی سیشن سے خطاب

کوئٹہ: سیکرٹری محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان صالح محمد بلوچ نے کہا ہے کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت (AMR) انسانی صحت، جانوروں کی صحت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں، ویٹرنری ڈاکٹرز، کسانوں اور نجی شعبے کو مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ادویات کا ذمہ دارانہ استعمال، بہتر بائیوسیکیورٹی، ویکسینیشن اور عوامی آگاہی اس خطرے کی روک تھام میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ حکومت بلوچستان اور اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے اشتراک سے ورلڈ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس آگاہی ہفتہ 2026 کے سلسلے میں اینیمل سائنٹسٹس انسٹی ٹیوٹ (ASI) کوئٹہ میں منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کا مقابلہ کسی ایک محکمے کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ صحت، لائیوسٹاک، ماحولیات اور خوراک کے شعبوں کے درمیان مربوط تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے 2030 تک زرعی و غذائی نظام میں اینٹی مائیکروبیل ادویات کے استعمال میں نمایاں کمی لانے کے ہدف کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔
ماہرین کی گفتگو اور تکنیکی پہلو
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینیمل ہیلتھ اینڈ ایکسٹینشن سروسز ڈاکٹر محمد فاروق ترین نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت مستقبل کا نہیں بلکہ موجودہ دور کا ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے تدارک کے لیے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال، ویکسینیشن، بائیوسیکیورٹی اور ادویات کا محتاط استعمال ضروری ہے۔
ایف اے او کے نمائندگان ولید مہدی اور ڈاکٹر مجیب الرحمٰن نے تکنیکی پریزنٹیشن میں بتایا کہ مزاحمت پیدا کرنے والے بیکٹیریا اور ان کے جینز جانوروں، انسانوں، خوراک اور ماحول کے درمیان منتقل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اینٹی بائیوٹکس کے متبادل طریقوں، نگرانی کے نظام، لیبارٹری تشخیص اور فارم کی سطح پر بہتر اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔
عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر اسفند یار شیرانی نے کہا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی اور قومی سطح پر صحت عامہ کے لیے بڑا خطرہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ون ہیلتھ اپروچ کے تحت تمام شعبوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ یہ سرگرمی دی پانڈیمک فنڈ کے تعاون سے جاری پاکستان میں ون ہیلتھ اپروچ کے ذریعے وبائی امراض کی تیاری اور ردعمل مضبوط بنانے کے منصوبے کے تحت منعقد کی گئی، جس میں محکمہ صحت، بلوچستان فوڈ اتھارٹی، انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، ایف اے او، عالمی ادارہ صحت، تعلیمی اداروں، ویٹرنری ڈاکٹرز، طلبہ اور کسانوں نے شرکت کی۔
آگاہی واک اور عزم
تقریب کے اختتام پر ایف اے او بلوچستان کے سربراہ و انٹرنیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ولید مہدی نے شرکاء اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بینرز اور نعروں کے ذریعے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام اور ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام عام کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی صحت، جانوروں کی صحت اور ماحول کے تحفظ کے لیے ون ہیلتھ اپروچ کے تحت آگاہی اور عملی اقدامات کو مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











