کوئٹہ: صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کا صوبائی افتتاح، ربابہ خان بلیدی مہمانِ خصوصی

کوئٹہ: خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے 16 روزہ عالمی آگاہی مہم کا صوبائی سطح پر افتتاح بدھ کے روز بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) کے مرکزی کیمپس تکتو میں کیا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی تھیں۔ تقریب کا انعقاد اقوام متحدہ کے اداروں، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM)، بلوچستان چیپٹر ایوا ڈبلیو اے جی اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے اشتراک سے کیا گیا۔
مہم کا عنوان اور شرکاء
رواں سال کی مہم کا عنوان ہے: متحد ہو کر خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ کریں، انصاف یقینی بنائیں، متاثرین کا تحفظ کریں اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیں۔
تقریب میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں، خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں، سول سوسائٹی کے ارکان اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔
حکومتی ترجیحات اور پینل ڈسکشن
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی ترجیحات اور ادارہ جاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور بچیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے، انہیں انصاف تک رسائی دینے اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
تقریب کے دوران خواتین کے حقوق، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرین کے تحفظ کے حوالے سے انٹرایکٹو پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر ایوا ڈبلیو اے جی الائنس کی جانب سے سفارشات کا چارٹر بھی پیش کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ گروپ فوٹو اور نیٹ ورکنگ سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











