آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا نئے ڈی ایس پیز سے خطاب: جدید پولیسنگ سے شہریوں کو فوری ریلیف

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ جدید پولیسنگ پر عملدرآمد کے ذریعے عام شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے، اور پولیس کے مثبت تشخص کو مضبوط بنا کر عوام میں احساسِ تحفظ کی فضا کو مزید بہتر کیا جائے۔
وہ سینٹرل پولیس آفس میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن سے براہِ راست تقرر ہونے والے نئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے تعارفی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ ماتحت عملے سے بہتر کارکردگی لینا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران اپنا کمانڈنگ کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کریں گے تو عام شہری کو بروقت انصاف ملے گا اور ان کی شکایات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمارٹ اور کمیونٹی پولیسنگ کی گائیڈ لائنز کے مطابق شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے فرائض میں دی گئی ذمہ داریوں پر بروقت کارروائی سے ہی جرائم کی روک تھام ممکن ہے۔
اجلاس میں شریک افسران نے شہریوں کی خدمت، ان کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز حسن اسد علوی، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











