خضدار: یونین کونسل فیروز آباد میں پولیو آگاہی سیشن، مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان
خضدار: یونین کونسل فیروز آباد میں کامنیٹ کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گنگو، یونین کونسل فیروز آباد میں نومبر 2026 کی قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
سیشن میں اسکول اساتذہ، ڈاکٹرز، مقامی حکومتی نمائندوں، مذہبی رہنماؤں اور علاقے کے معتبر عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر CCO رحیم جتک اور CBO ذکریا جتک نے شرکاء کو پولیو وائرس کی منتقلی، اس کے بچوں پر مہلک اثرات اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے کی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے کمیونٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان
سیشن کے اختتام پر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گنگو مفتی ہدایت اللہ زہری، میونسپل کارپوریشن کے کونسلر میر احمد خان گنگو، طبی ماہرین، مذہبی رہنماؤں اور مقامی عمائدین نے آئندہ انسداد پولیو مہم میں محکمہ صحت اور کامنیٹ ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وہ گھر گھر جا کر والدین کو پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ترغیب دیں گے تاکہ ملک کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔











