گوادر: ہدایت الرحمان کا تحصیل پسنی کے 27 موضعات کے ریکارڈ کی منتقلی پر جائزہ

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں تحصیل پسنی کے 27 موضعات کی لینڈ سیٹلمنٹ، ریکارڈ کی تکمیل اور منتقلی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور احمد بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مشکلات کے حل کی جانب پیش رفت
انہوں نے کہا کہ تحصیل پسنی کے عوام گزشتہ کئی برسوں، بالخصوص 2015 سے، زمینوں کی سیٹلمنٹ اور درست ریکارڈ کے حصول کے لیے مشکلات سے دوچار تھے، تاہم اب اس دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ اور متعلقہ سیٹلمنٹ عملے کی شبانہ روز محنت اور سنجیدہ کاوشوں کے نتیجے میں تحصیل پسنی کے 27 موضعات کا ریکارڈ مرتب کرنے کا عمل تکمیل کے قریب ہے، جسے جلد تحصیل پسنی منتقل کر دیا جائے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ اس اہم پیش رفت سے پسنی کے عوام کو زمینوں کے ریکارڈ کے حصول اور متعلقہ امور میں درپیش دیرینہ مشکلات سے نجات ملے گی۔ انہوں نے اس عوامی مسئلے کے حل کے لیے محنت کرنے والے تمام افسران اور متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











