گلوبل لیزر رن: سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

لاہور: گلوبل لیزر رن تھائی لینڈ کے مقابلوں میں سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں بدھ کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے۔
کھلاڑیوں نے تھائی لینڈ میں ہونے والے گلوبل لیزر رن مقابلوں میں 11 میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
صوبائی وزیر کھیل نے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 2 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کو ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ برونز میڈلسٹ کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جس پر تمام کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کے مطابق سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
گلوبل لیزر رن میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو پنجاب سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ میں بھی شامل کیا جائے گا۔
تقریب میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد بھی موجود تھے۔
کھلاڑیوں محمد اذان، عبداللہ، محمد شیان، عمیس سلیمی، مبشر علی، قیصر علی، سیدان شہود اور میاں رضوان نے صوبائی وزیر کھیل کے ساتھ گروپ فوٹوز بنوائیں اور تھائی لینڈ میں مقابلوں کے دوران اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔











