میری کوم: ان کی بائیوپک میں جدوجہد کا صرف 10 فیصد دکھایا گیا

نئی دہلی: معروف بھارتی باکسر میری کوم نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ان کی جدوجہد اور محنت کا صرف 10 فیصد حصہ دکھایا گیا۔
بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے میری کوم نے کہا کہ ان کی زندگی کی اصل مشکلات اور جدوجہد کو سمجھنے کے لیے ان کی کتاب ان بریک ایبل پڑھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلم کا دوسرا حصہ بنانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ان کے کیریئر اور زندگی کی کہانی فلم اور کتاب میں پہلے ہی بیان کی جا چکی ہے۔
2014 میں ریلیز ہونے والی فلم میری کوم میں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں میری کوم کے باکسنگ کیریئر اور کامیابیوں کو دکھایا گیا تھا، جبکہ اس کردار پر پریانکا چوپڑا کو بہترین اداکارہ کا قومی فلمی ایوارڈ بھی ملا تھا۔
میری کوم نے 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ 6 مرتبہ عالمی باکسنگ چیمپئن بھی بن چکی ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے 2022 میں ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ میری کوم کے کردار کے لیے شمال مشرقی بھارت سے تعلق رکھنے والی کسی اداکارہ کا انتخاب زیادہ مناسب ہوتا۔ میری کوم کا تعلق ریاست منی پور سے ہے، جبکہ پریانکا کا تعلق شمالی بھارت سے ہے اور دونوں کی جسمانی ساخت بھی مختلف تھی۔
پریانکا چوپڑا نے کہا کہ میری کوم کی زندگی سے متاثر ہو کر انہوں نے یہ کردار قبول کیا تھا۔ اس کردار کی تیاری کے لیے انہوں نے تقریباً 5 ماہ باکسنگ کی تربیت حاصل کی اور جسمانی ساخت میں تبدیلی بھی لائی تھیں۔











