پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2400 ارب سے کم ہو کر 1680 ارب روپے رہ گیا: اویس لغاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2400 ارب روپے سے کم ہو کر 1680 ارب روپے رہ گیا ہے، جبکہ پنجاب کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں بلوں کی وصولی 100 فیصد ہو گئی ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں نیشنل انرجی سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں پیشہ ورانہ بورڈز تشکیل دے کر اقربا پروری کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے بھی کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت توانائی میں تکنیکی صلاحیت اور پالیسی سازی کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے، صنعتی بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور صنعتوں پر کراس سبسڈی کا بوجھ ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2400 ارب روپے سے کم ہو کر 1680 ارب روپے رہ گیا ہے۔











