اسحاق ڈار اور بحرینی وزیر خارجہ الزیانی کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): پاکستان اور بحرین نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزارت خارجہ آ کر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات کی، اور تجارت، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر خاص طور پر بات ہوئی۔ کثیرالجہتی عالمی فورمز پر مشترکہ دلچسپی کے معاملات میں روابط مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں مثبت پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا اور دوطرفہ تعلقات کے موجودہ مثبت رجحان کو آگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں خطے کی بدلتی صورتحال اور دونوں ملکوں کے لیے اہم عالمی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے قابلِ عمل راستہ ہیں۔











