کوئٹہ: نئے ایکسائز انسپکٹرز کے لیے تربیتی پروگرام، انسدادِ منشیات کے قوانین پر نشست
کوئٹہ: ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان، نارتھ زون کوئٹہ کے زیرِ اہتمام نئے تعینات ہونے والے ایکسائز انسپکٹرز کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام جاری ہے۔
تربیتی پروگرام کے پہلے روز ایڈوکیٹ عبدالنافع غیور نے انسدادِ منشیات کے قوانین، قانونی تقاضوں اور منشیات سے متعلق جرائم کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی تربیتی نشست منعقد کی۔
تربیتی نشست کے دوران نئے تعینات ایکسائز انسپکٹرز کو منشیات سے متعلق قوانین، ان کے موثر نفاذ اور انسدادِ منشیات کی کارروائیوں میں قانونی طریقہ کار کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
محکمہ کے حکام کا کہنا تھا کہ تربیت کا مقصد افسران کی قانونی معلومات میں اضافہ اور انہیں فیلڈ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے تربیتی پروگرام میں پراپرٹی ٹیکس کے قوانین، انٹیلی جنس اور فیلڈ آپریشنز، جرائم کی تحقیقات اور کرائم مینجمنٹ سمیت مختلف اہم موضوعات بھی شامل ہیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز کے اس تربیتی اقدام کا مقصد نئے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قانونی فہم اور عملی مہارتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ انسدادِ منشیات، ٹیکس قوانین کے نفاذ اور دیگر محکمانہ امور میں اپنی ذمہ داریاں موثر، ذمہ دارانہ اور قانون کے مطابق انجام دے سکیں۔











