اسحاق ڈار کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں فلسطین، کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی و عالمی معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور کشمیر تنازع کے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کیا، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے مکالمے اور سفارت کاری کو تنازعات کے حل کا مؤثر ترین ذریعہ قرار دیا۔











