حوثی حملوں کے باعث سعودی عرب نے ڈیووس ان ڈیزرٹ کانفرنس 2026 اگلے سال تک ملتوی کر دی

ریاض: سعودی عرب نے حوثیوں کے مسلسل مہلک حملوں کے تناظر میں 2026 کی ڈیووس ان ڈیزرٹ سرمایہ کاری کانفرنس ملتوی کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے تصدیقی بیان میں کہا ہے کہ اہم سرمایہ کاری کانفرنس فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو اگلے سال تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق سالانہ کانفرنس کا آغاز آئندہ ہفتے 26 اکتوبر کو ہونا تھا اور یہ 29 اکتوبر تک جاری رہتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سال کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔
کانفرنس کی ویب سائٹ کے مطابق متوقع مقررین میں الفابیٹ اور گوگل کی صدر اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر روتھ پوراٹ، گولڈمین ساکس گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ سولومن اور بلیک راک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو لارنس فنک شامل تھے۔
واضح رہے کہ ڈیووس ان ڈیزرٹ کے نام سے موسوم اس کانفرنس کا نام سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔
سعودی حکومت کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں مملکت کے بڑے سرمایہ کاری منصوبوں کو اجاگر کیا جاتا ہے، تاکہ معیشت کو تیل اور گیس پر انحصار سے نکال کر سیاحت، کھیل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی جانب منتقل کرنے کے لیے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔











